قطر میں جنگ بندی مذاکرات کے دوران غزہ میں اسرائیلی بربریت میں کمی نہ آسکی

12:11 PM, 13 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ: قطر میں جنگ بندی مذاکرات کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت میں کمی نہ آ سکی۔ اسرائیلی فوج کے پناہ گزین کیمپوں، سکولوں اور ہسپتالوں پر حملے بدستور جاری ہیں۔ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 28 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر حملے میں بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوئے۔

غزہ میں جاری حملوں کی وجہ سے شہدا کی مجموعی تعداد 46,565 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ زخمی فلسطینیوں کی تعداد 1 لاکھ 9 ہزار 660 ہو گئی ہے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں درجنوں فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔

اس دوران، حماس کے عسکریت پسندوں نے بیت حانون میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فورسز کی طرف سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس نے غزہ کے شہریوں کی زندگی مزید دشوار کر دی ہے، جبکہ جنگ بندی کے لیے کی جانے والی عالمی کوششوں کے باوجود حالات بدستور تشویشناک ہیں۔

مزیدخبریں