کراچی: امریکا، سعودی عرب، سویڈن، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک سے 52 پاکستانیوں کو مختلف الزامات کے تحت بے دخل کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے 3 پاکستانیوں کو کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی کو گھروں کو واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق سویڈن میں غیرقانونی قیام پر ایک پاکستانی کو واپس بھیجا گیا، جبکہ امریکا میں غیرقانونی داخلے اور پاسپورٹ گم ہونے کی وجہ سے 2 پاکستانی شہریوں کو پاکستان واپس روانہ کیا گیا۔ سعودی عرب سے 2 افراد کو بلیک لسٹ کیا گیا جبکہ ایک شخص کو منشیات کی اسمگلنگ اور دوسرے کو بھیک مانگنے کی وجہ سے بے دخل کیا گیا۔ مزید 11 افراد کو مختلف دیگر الزامات کی بنا پر سعودی عرب سے واپس بھیجا گیا۔
سعودی عرب سے 9 شہریوں کو کفیل کی شکایات پر، 11 کو زائد المیعاد قیام اور 7 کو پاسپورٹ گم ہونے یا ویزا ختم ہونے پر وطن واپس بھیجا گیا۔ عمان سے بھی ایک پاکستانی شہری کو ویزا کی مدت ختم ہونے پر واپس بھیجا گیا۔ متحدہ عرب امارات سے 3 پاکستانیوں کو غیر قانونی قیام اور امیگریشن کی خلاف ورزی پر بے دخل کیا گیا۔
اس کے علاوہ، نیپال، سعودی عرب اور ملاوی میں پیدا ہونے والے 3 پاکستانی بچوں کو ایمرجنسی دستاویزات کے ذریعے پاکستان روانہ کر دیا گیا۔