اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کی بدعنوانی کے کیس کا فیصلہ ایک بار پھر مؤخر کردیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اس اہم کیس کا فیصلہ اڈیالہ جیل میں سنانا تھا، لیکن دونوں ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔تاہم یہ فیصلہ اب تیسری بار مؤخر کر دیا گیا ہے۔
جج ناصر جاوید رانا نے بتایا کہ انہوں نے عمران خان کو دو بار پیغام بھیجا، مگر وہ نہ تو عدالت آئے اور نہ ہی بشریٰ بی بی یا ان کے وکلا کی طرف سے کوئی پیش ہوئے۔ عمران خان نے اپنے وکلا کے ذریعے یہ موقف اختیار کیا کہ جب تک ان کی فیملی یا وکلا میں سے کوئی نہیں آتا، وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔
تاہم جج نے مزید کہا کہ میں دو گھنٹے سے کمرہ عدالت میں انتظار کر رہا ہوں لیکن کوئی نہیں آیا، فیصلہ سنانے کے لیے ملزمان کو ایک اور موقع دے رہا ہوں، اب کیس کا فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔
خیا ل رہے کہ اس ریفرنس پر فیصلہ پہلے 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا گیا تھا، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ سنانے کی تاریخ 23 دسمبر 2024، پھر 6 جنوری 2025 اور اب 13 جنوری 2025 دی تھی، لیکن فیصلہ ابھی تک سنایا نہیں جا سکا۔تاہم اب 17 جنوری کو محفوظ فیصلہ سنایاجائے گا۔
190 ملین پاؤنڈ کا یہ ریفرنس نیب نے ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا، جس دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ ان گواہان میں اہم شخصیات جیسے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس کیس میں فرد جرم 27 فروری 2024 کو عائد کی گئی تھی، اور نیب نے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے ناجائز طریقے سے رقم حاصل کی۔