190 ملین پاؤنڈز کیس : فیصلے کی گھڑی آ پہنچی،بانی پی ٹی آئی کو سزا ہوگی یا بری ؟ فیصلہ آج سنایا جائے گا

10:07 AM, 13 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا آج صبح 11 بجے اڈیالہ جیل میں  کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔ تاہم عدالتی عملے نے فریقین کو فیصلے کی تاریخ سے آگاہ کر دیا ہے۔

عمران خان کے وکیل خالد یوسف چودھری نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عدالتی عملے نے فیصلہ سنائے جانے کے بارے میں اطلاع دے دی ہے، جبکہ نیب پراسیکیوشن ٹیم کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کی اہمیت کے پیش نظر، اڈیالہ جیل کے اندر اور باہر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اور اڈیالہ روڈ پر پولیس کی پکٹس میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایک سپیشل سکیورٹی پلان جاری کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس پر فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا گیا تھا، جس کے بعد 23 دسمبر اور 6 جنوری کو فیصلہ سنانے کی تاریخیں رکھی گئیں، تاہم آج 13 جنوری کو فیصلہ سنایا جائے گا۔اس کیس میں نیب نے 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے اور بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔ اہم گواہان میں  سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک ، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال  اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان شامل ہیں۔ اس کیس میں فرد جرم 27 فروری 2024 کو عائد کی گئی تھی۔

مزیدخبریں