اسلام آباد : آج شام پانچ بجے قومی اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 10 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے۔ ایجنڈے کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے، جب کہ قومی کمیشن برائے مقامِ خواتین ترمیمی بل بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب دوسرے این ایف سی ایوارڈ پر عملدرآمد کی ششماہی نگرانی رپورٹ ایوان کے سامنے پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ، انسانی سمگلنگ مافیا کے خلاف اقدامات سے متعلق اور ضرورت مند افراد کو مفت یا رعایتی علاج کی فراہمی میں ناکامی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈا کا حصہ ہیں۔