بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، 5 جوان شہید

11:50 PM, 13 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

کیچ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 13 جنوری کو ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد سے حملہ کیا۔

 
بیان میں کہا گیا کہ دھماکے  کے بعد دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

  

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 5 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں بتایا کہ شہید اہلکاروں میں پنجاب کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی ٹیپو رزاق، کراچی سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی سنی شوکت، ضلع لسبیلہ سے تعلق  رکھنے والے 23 سالہ سپاہی شفیع اللہ، اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لانس نائیک طارق علی اور ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔


 

مزیدخبریں