پی ٹی آئی امیدواروں نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے، ہم نے جاری نہیں کیے: چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

07:53 PM, 13 Jan, 2024

لاہور : پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختراقبال ڈار نے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتا پی ٹی آئی نے ہمارے ٹکٹ کہاں سے لیے ۔ ان کے امیدواروں نے ہمارے جعلی ٹکٹ جمع کرائے ہیں۔

لاہور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے اختر اقبال ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ہم نے ٹکٹس نہیں دیے۔ جو ٹکٹ ہم نے پہلے ایشو کیے تھے وہی ٹکٹ اب ایشو کررہے ہیں ۔ 


انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نظریاتی کے اپنے امیدوار ہیں ،ٹکٹ میں نے جاری کیے۔ پی ٹی آئی کا اپنا منشور ہے۔ ہمارا نعرہ ہے کہ کرپشن کی سزا موت ہے۔ 

اختر اقبال ڈار کا کہنا تھا کہ ہمارے ٹکٹوں پر بلے باز کا نشان واضح ہے۔ کرپشن کو ختم کرنے کے لیے ہمیں ڈنڈنے کی ضرورت ہے ۔مجھےنہیں پتہ تھا،پی ٹی آئی امیدواروں نےہماری ٹکٹیں کہاں سےلیں ۔الیکشن کمیشن جعلسازوں کے خلاف کارروائی کرے ۔ 

انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا تھا کہ چوری پر حضرت فاطمہ کے بھی ہاتھ کاٹے جاسکتے ہیں۔  آر اوز کی طرف سے کالیں آرہی ہیں ہم لسٹ جمع کرائیں گے ۔ پاکستان کی صورتحال یہ ہے کہ ہر بندہ یہاں سے فرار ہونا چاہتا ہے ۔ 

 اختر اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے ہدایت آئی اس میں تمام چیزیں واضح ہیں۔ یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے الیکشن کمیشن سے پوچھیں ۔پی ٹی آئی سے ہمارا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے آرڈر دیا ہے کہ کوئی پی ٹی آئی کا نام استعمال نہیں کرسکتا ۔ 

مزیدخبریں