پی ٹی آئی چوری کر کے آئی، مسلم لیگ ن ڈکیتی کرکے اقتدار میں آ رہی ہے، شاہد خاقان عباسی

پی ٹی آئی چوری کر کے آئی، مسلم لیگ ن ڈکیتی کرکے اقتدار میں آ رہی ہے، شاہد خاقان عباسی

لاہور: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاستدان اسٹیبلشمنٹ کے سامنے مخالفت کرکے کھڑےتو ہوں، نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کے بغیر سو کے بجائے تیس سیٹوں پر آ جائیں لیکن مورال ڈاؤن نہ کریں۔  

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے الحمرہ آرٹس کونسل کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو  میں کہا کہ اخلاقی جرات نہیں تو سیاستدانوں کو سیاست کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، سیاستدان اسٹیبلشمنٹ کے سامنے مخالفت کرکے کھڑےتو ہوں، نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کے بغیر سو کے بجائے تیس سیٹوں پر آ جائیں لیکن مورال ڈاؤن نہ کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ جس طرح نوازشریف اقتدار میں آ رہے ہیں مجھے اس سے اختلاف ہے۔ پی ٹی آئی چوری اور مسلم لیگ ن ڈکیتی کرکے اقتدار میں رہی ہے۔بانی پی ٹی آئی کی ناکامی کے پیچھے چوری کا الیکشن ہے،بانی پی ٹی آئی  کی حالت چوری کے الیکشن کی وجہ سے ہے۔  بندوق پکڑنا کوئی مشکل کام نہیں بندوق تو میں بھی رکھ سکتا ہوں۔پاکستان میں کرسی کی کوئی طاقت نہیں ہوتی، میں وزیر اعظم نہیں تھا بلکہ مجھے ملازمت دی گئی۔ 

 شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جس کے کہنے پرعوام ووٹ ڈالتی ہے  اور پاکستانی تاریخ میں صرف چار لیڈر آئے ہیں ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو، بانی پی ٹی آئی اور نواز شریف ۔


انہوں نے مزید کہا کہ  نیب کے خاتمے کےلئے شہبازشریف کو کئی بار کہا کیونکہ نیب سیاستدانوں کو ذلیل و خوار کررہا ہے، میں نیب کا سب سے پہلا گاہک ہوں. 

ان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کو استعفی نہ دینے کا مشورہ دیا تھا کہاتھا ڈٹے رہیں،مسلم لیگ ن کو مفتاح اسماعیل کو اس طرح ذلیل کرکے استعفی نہیں لینا چاہئے تھا۔ نئی نسل کے ساتھ چلنا یا نہ چلنے کا فیصلہ ہمارے پاس ہے.

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہوں ان کے خلاف الیکشن نہیں لڑوں گا سیاست نہیں چھوڑی۔  مسلم لیگ ن سے دوری کی وجہ مریم نوازنہیں ہیں، مسلم لیگ ن کے ساتھ سیاسی تعلق نہیں رہا اللہ کرے دوستی قائم رہے.

مصنف کے بارے میں