اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی کیس میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو انتخابی نشان لالٹین الاٹ کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے اے این پی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے اے این پی کو 20 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
فیصلے کے مطابق اے این پی نے الیکشن کمیشن سے مزید مہلت مانگی تھی، جس کے بعد 10 مئی تک مہلت دے دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 21 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوامی نیشنل پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن پاکستان نے کہا تھا کہ اے این پی نے انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے التوا مانگا ہے، الیکشن کمیشن نے کہا کہ اے این پی کی 5 سال کی مدت ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، ملک میں اس وقت الیکشن مہم چل رہی ہے اور سیاسی جماعتیں اس میں شرکت کررہی ہیں، لہٰذا پارٹی لازمی الیکشن کرائے۔
وکیل اے این پی نے کہا تھا کہ آئین کہتا ہے انتخابات کی صورت میں کابینہ کام کرتی رہے گی، عام انتخابات آ رہےہیں، اگر انٹرا پارٹی انتخابات میں پھنس گئے تو مسئلہ ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے ریمارکس دیے تھے کہ ہم آپ کو پانچ سال سے زائد کا وقت تو نہیں دے سکتے۔