اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دانیال عزیز نے کام کیا لیکن کسی کو پارٹی کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، دانیال عزیز کو نوٹس کیا تو انہوں نے نوٹس کا بھی مذاق اڑایا، ٹیم میں بہت سے لوگ ہیں جن کو معیشت کی اچھی سمجھ ہے۔
نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ سولہ ماہ کی حکومت میں سب سے بہتر تعاون ق لیگ نے کیا، عام انتخابات 2024 کیلئے ہم ہر حال میں ان سے تعاون کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے ق لیگ سے جو بات کی تھی وہ ہم نے پوری کی۔
انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ کی خواہش تھی کہ دونوں صوبائی حلقے بھی خالی چھوڑے جائیں، ان دو صوبائی حلقوں سے متعلق بھی کوشاں ہیں کہ ایڈجسٹمنٹ ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جس سے بھی وعدہ کیا پورا کیا، جہانگیر ترین کو درخواست کی کہ لودھراں سے لڑنا چاہتے ہیں تو ٹھیک ہے یہاں سے بھی لڑ لیں، جہانگیر ترین کے لیے ملتان میں حلقہ 149 خالی چھوڑا ان کی بھرپور سپورٹ کریں گے۔
رانا ثناء نےپارٹی میں ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری کو آج سمجھایا، ان کے ساتھ کمٹمنٹ بھی پوری کریں گے، سینیٹ میں پارٹی صدر نے طلال چوہدری سے وعدہ کیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ ابھی سائیڈ ہوئے ہیں جب پارٹی کو ضرورت ہوگی تو آجائیں گے۔
رانا ثناء نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے ہیں وہ سیاسی کارکن کی تعریف سے باہر ہوجاتے ہیں۔