کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کا کل ہونے والا اجلاس ناگزیر وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کل ہونے والا اجلاس ناگزیر وجوہات کی بناءپر ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ اجلاس کیلئے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کر دیا جائے گا۔
قبل ازیں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کل پی آئی بی گراؤنڈ میں جنرل ورکرز اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا جس میں اہم فیصلے متوقع تھے۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے وفاقی حکومت سے علیحدگی پر غور کرتے ہوئے اپنے اراکین قومی اسمبلی سے استعفے طلب کر لئے ہیں جبکہ 2 وفاقی وزراء، ایک معاون خصوصی صادق افتخار نے استعفے رابطہ کمیٹی کوجمع کرا دئیے ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے بہادرآباد مرکز پر جاری اجلاس میں اپنے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے طلب کئے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ اور حکومت سے علیحدگی کے آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔