اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پنجاب اسمبلی تحلیل کئے جانے کے بعد اب صدر مملکت وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں کے مابین مشاورت سے متعلق بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا آپشن زیر غور ہے، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں موجودہ صورتحال میں سیاسی و پارلیمانی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا جبکہ انتخابات سے متعلق بات چیت بھی ہوئی۔