لاہور: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کے آپریشن تھیٹر سے دل کی سرجری کے دوران استعمال شدہ سامان برآمد گی کا انکشاف، استعمال شدہ ٹیوبنگ کو واش کر کے کمپنی نے دوبارہ سپلائی کر دیا، چیف ایگزیکٹو پی آئی سی کی ہدایت پر معاملے کی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایریا ڈرگ انسپکٹر عمران سرفراز رات گئے ہسپتال پر چھاپہ مار کر پی آئی سی کے اپریشن تھیٹرز کیلئے 6 کروڑ 40 لاکھ کے 600 آکسیجنیٹر پرانے فراہم کر دئیے، ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 100 آکیسجنیٹرز کمپنی کی جانب سے فراہم کئے گئے اور انہیں مقامی سطح پر پیک کیا گیا۔
پکڑے گئے سامان کی پیکنگ پر کسی بھی ملک اور کمپنی کا نام درج نہیں ہے جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے پانچ روکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کے کنوینیر پروفیسر احمد شہباز ہیں۔
دیگر ممبرز میں ڈاکٹر سید عمران الحسن، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر صغیر احمد بلوچ، انچارج ایمرجنسی ڈاکٹر عامر رفیق اور فارمسسٹ سدرہ سرور شامل ہیں، یہ کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرکے چار دنوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔