کابل: افغان کرکٹر راشد خان نے آسٹریلیا کے سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) چھوڑنے کی دھمکی دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے خواتین پر پابندیوں کو جواز بناتے ہوئے آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف ون ڈے کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد افغان کھلاڑی نوین الحق نے بی بی ایل چھوڑنے کا اعلان کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اب راشد خان نے بھی کرکٹ آسٹریلیا کو سیاست کو کھیل سے دور رکھنے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ سن کر افسردگی ہوئی کہ آسٹریلیا نے مارچ میں ہم سے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے نمایاں کامیابیاں سمیٹیں اور ہم نے بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی دکھائی جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کا یہ فیصلہ اس سفر میں ہمیں پیچھے دھکیل دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آسٹریلیا افغانستان کے ساتھ کھیلنے میں ان کمفرٹ ایبل ہے تو میں بی بی ایل میں اپنی موجودگی سے کسی کو بھی بے چین نہیں کرنا چاہتا، میں اس مقابلے میں سنجیدگی کے ساتھ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ رہا ہوں۔