کراچی : پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان تیسرا آخری ون ڈے انٹر نیشنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں میں آج جو بھی میچ جیتے گا سیریز اسی کے نام ہوگی۔
تیسرا ون ڈے انٹر نیشنل نیشنل اسٹیڈیم میں ہورہا ہے۔پاکستان نے پہلا ون ڈے چھ وکٹ سے جیتا تھا جبکہ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ 79رنز جیتا تھا۔ سیریز ایک ایک سے برابر ہونے کے بعد بابر اعظم کے کپتانی کے انداز پر تنقید ہورہی ہے۔
پاکستان ٹیم انتظامیہ تیسرے ون ڈے میں نائب کپتان شان مسعود اور فاسٹ باؤلرز محمد حسنین اور شاہ نواز دھانی کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف گذشتہ 17 میں سے 13 میچ جیتے ہوئے ہیں۔ پاکستان تین میچوں میں کامیاب رہا ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے گذشتہ 11 میں سے 9 ون ڈے انٹر نیشنل اپنے نام کررکھے ہیں ۔ دو میں اسے شکست ہوئی۔ پاکستان نےگذشتہ دس ماہ میں آسٹریلیا کو دو ایک ، ویسٹ انڈیز کو تین صفر اور نیدر لینڈ کو تین صفر سے شکست دی ہے۔
2023 میں ون ڈے کرکٹ کو سب سے زیادہ اہمیت اس لیے حاصل ہو گی کیونکہ یہ ون ڈے ورلڈکپ کا سال ہے اور تمام ہی ٹیموں کی پہلی ترجیح سال کے آخر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ اسکواڈ کی تیاری ہو گی۔ اس سے پہلے پاکستان میں پچاس اوورز کا ایشیا کپ ہونا ہے۔