اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی نے خود کشی کرلی

09:09 AM, 13 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : سینڑل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں اسیر سزائے موت کے قیدی نے خودکشی کرلی  ۔قیدی نے اپنے سیل کے باتھ روم میں پھندا لگا کر موت کو گلے لگایا۔

 اطلاعات کے مطابق قیدی نے جس وقت خودکشی کی دیگر قیدیوں کی عزیز و اقارب سے ملاقاتیں جاری تھیں۔ساتھی اسیران ملاقاتوں کے بعد سیل پہنچے تو قیدی ندیم کی نعش باتھ روم میں رسی سے لٹکی ہوئی تھی ۔

 حکام کا کہنا ہے کہ قیدی سال 2014 میں اپنے بیرون ملک نیشنلٹی ہولڈر کزن کے دو بچوں کے اغوا اور قتل میں ملوث تھا۔ جیل حکام نے نعش پولیس کے حوالے کرکے پوسٹمارٹم و جوڈیشل انکوائری کی سفارش کردی ۔

 حکام کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مبشر ملک نے نوٹس لے لیا ہے اور ڈی آئی جی جیل راولپنڈی ریجن کو انکوائری آفیسر مقرر کرکے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔

مزیدخبریں