پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اہم خبر 

07:48 PM, 13 Jan, 2022

اسلام آباد:ایک طرف جہاں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان جاری ہے وہیں پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد تیل 84 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے ،جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک کا اضافہ کر دیا جائیگا ۔
 
اس سلسلے میں اوگرا کی طرف سے تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری حکومت کو ارسال کی جائیگی ،ذرائع کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے ،ہائی سپیڈ ڈیزل 6  روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سمری تیاری کی جا رہی ہے ۔

وزارت خزانہ کی سفارش پر تیل کی قیمتوں بارے حتمی فیصلہ وزیراعظم کرینگے۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے  کہا ہے کہ 3 دن بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں ۔ گندم، کبھی آٹا، چینی تو کبھی کھاد اور پٹرول کے بحران گھوم گھوم کر قوم پر نازل ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے سے خبردار کررہا ہوں،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کردے گا ،ہر روز ایک نیا حادثہ بتاتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔ گندم، کبھی آٹا، چینی تو کبھی کھاد اور پٹرول کے بحران گھوم گھوم کر قوم پر نازل ہورہے ہیں۔

مزیدخبریں