اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کی تصدیق انہوں نے ٹوئٹر پر کی۔
تفصیلات کے مطابق شفقت محمود نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بدقسمتی سے میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ مجھے کورونا کی معمولی علامتیں ظاہر ہوئی ہیں اور ابھی تک خود کو ٹھیک محسوس کر رہا ہوں۔ امید ہے کہ کچھ آرام کرنے سے جلد صحت یاب ہو جاؤں گا۔ برائے مہربانی کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں اور خاص طور پر ہر وقت ماسک پہنیں۔‘
I have unfortunately tested positive for coronavirus. My symptoms are mild so far and I feel fine. Hopefully with some rest will recover soon. Please continue to take all precautions specially wearing a mask at all times
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) January 13, 2022
واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں اضافے کے پیش نظر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس بھی ہونا تھا جس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع تھے تاہم یہ اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔
وزارت تعلیم کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے بڑھتے کیسز کا جائزہ لیا جانا تھا، لیکن اجلاس اگلے ہفتے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ ہم مزید ڈیٹا اکٹھا کرنا چاہتے ہیں، ایک ہفتے کیلئے دیکھنا چاہتے ہیں کہ اومی کرون کی صورتحال کس طرح آگے بڑھتی ہے۔