پرویز خٹک کی بلیک میلنگ پر وزیراعظم کا دوٹوک جواب ،اندرونی کہانی سامنے آگئی 

05:33 PM, 13 Jan, 2022

اسلام آباد:وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں  وزیراعظم اور پرویز خٹک آمنے سامنے  آگئے،وزیردفاع پرویز خٹک نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپکو وزیر اعظم ہم نے بنوایا ہے لیکن خیبر پختونخوا میں گیس پر پابندی ہے جس کے جواب میں وزیرا عظم عمران خان نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بلیک میلنگ کرنے کی کوشش نہ کریں ووٹ نہیں دینا تو نہ دیں میرے کوئی کارخانے نہیں ہیں ۔

وزیر اعظم عمران خان نے پرویز خٹک کے رویے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے حکومت کا کوئی شوق نہیں ہے ملکی مفاد کی جنگ لڑ رہا ہوں ،اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتے ہیں ۔

اس سے قبل پرویز خٹک نے وزیراعظم پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ آپکو وزیراعظم ہم نے بنوایا ہے، لیکن خیبرپختونخوا میں گیس پر پابندی ہے،گیس بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپکا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے، پرویز خٹک کی گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے اور کہا کہ اگر آپ مجھ سے سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں،اجلاس کے دوران رکن اسمبلی نور عالم نے بھی سخت سوالا ت کئے ۔

وزیردفاع پرویز خٹک اجلاس کے دوران ہی اٹھ کر باہر آگئے، صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں پرویز خٹک کا کہنا تھا اجلاس میں اپنے حق کی بات کی، کسی سے تلخ کلامی نہیں ہوئی، ناراض ہوکر باہر نہیں آیا، سگریٹ پینے باہر آیا  تھا ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں  پرویز خٹک تین دفعہ اپنی نشست پر کھڑے ہوئے،پرویز خٹک نے شوکت ترین اور حما داظہر پر بھی سخت تنقید کی ،انہوں نے کہا حماد اظہر کو گیس اور بجلی کا مسائل کا علم ہی نہیں،شوکت ترین مجھے کابینہ میں بھی مطمئن نہیں کر سکا،آپ نے غیر منتخب لوگوں کو آس پاس بٹھایا ہوا ہے۔

مزیدخبریں