لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے ساتھ مشاورت کے بعد لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے میچز کے دوران سٹیڈیم میں 100 فیصد تماشائیوں کی اجازت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری سے ہونے جا رہا ہے جس کے میچز قذافی سٹیڈیم لاہور اور نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی نے لاہور میں شیڈول میچز کے دوران 100 فیصد تماشائیوں کی اجازت دیدی ہے تاہم کراچی میں شیڈول میچز میں تماشائیوں سے متعلق فیصلہ 17 جنوری کو این سی او سی کیساتھ میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔
پی سی بی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ لیگ کے ابتدائی مرحلے میں 15 میچز 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ بقیہ 19 میچز 10 فروری سے 27 فروری تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے جنہیں دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کیلئے گائیڈ لائنز بھی وضع کی گئی ہیں۔
دوسری جانب پی ایس ایل کی ٹکٹیں بھی فروخت کیلئے پیش کی جا چکی ہیں تاہم تماشائیوں کی جانب سے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کی طرح پی ایس ایل کے ٹکٹ خریدنے میں بھی عدم دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے جس کے باعث کرکٹ حکام بھی تشویش میں مبتلا ہیں۔
پی ایس ایل 7، قذافی سٹیڈیم میں 100 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت
05:12 PM, 13 Jan, 2022