لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اس حکومت کی نااہلی، نالائقی ساری دنیا کے سامنے ہے اور مری میں لوگ برفباری سے نہیں ان کی بے حسی سے مرے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ایم پی اے بلال یاسین کی رہائش گاہ پہنچیں جہاں انہوں نے بلال یاسین کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا ہے کہ بلال یاسین نے میری والدہ کے الیکشن میں بہت کام کیا ہے، انہوں نے نواز شریف کا ساتھ نبھانے میں مثال قائم کی ہے۔ایسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں جنہوں نے وفاداری سے نواز شریف کا ساتھ نبھایا۔
مریم نواز نے کہا کہ خاندانوں کے خاندان مر گئے، یہ ہیٹر لگا کر گھروں میں سوتے رہے اور لوگ مرتے رہے ان کی مدد کےلیے کوئی نہیں آیا جبکہ عوام کو پتہ ہے سچ کیا ہے جھوٹ کیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اب عوام کے کہنے پر چلنا پڑے گا،اس حکومت کو گھر بھجوانے کےلیے کوئی طریقہ اپنانا چاہیے۔مریم نواز نے نواز شریف کی طرف سے بلال یاسین کی صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بلال یاسین نے عیادت کیلئے مریم نواز کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا اور انہیں 2 گولیاں لگی تھیں۔