لاہور: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ کے باعث سکولوں کی بندش کے حوالے سے موقف دیتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں سکولوں سے پہلے دیگر سرگرمیوں پر پابندی عائد ہونی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم پنجاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں سکول بند ہونے چاہئیں یا نہیں؟ تو میں ان تما م پوچھنے والوں سے کہتا ہوں کہ میری رائے میں سکولوں سے پہلے دیگر سرگرمیاں بالخصوص سماجی سرگرمیوں کو روکنا ہو گا۔ سکولوں کو بند کرنے کا آپشن آخری ہونا چاہئے۔ پچھلے دو سال میں ہمارے بچوں کا جو نقصان ہوا وہ ناقابل تصور اور ناقابل تلافی ہے۔‘
دوسری جانب کورونا کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کے کیسز تیزی سے بڑھنے پر سکولوں کو بند کرنے یا کھولنے سے متعلق فیصلہ کرنے کیلئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔
وزارت تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس اب آئندہ ہفتے بلایا جائے گا جس میں سکولوں کو بند کرنے یا کھولنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت تعلیم کی طرف سے وزرائے تعلیم کا اجلاس آج 11 بجے بلایا گیا تھا تاہم اب بغیر کوئی وجہ بتائے اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ہے۔