لاہور: معروف پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ ٹیکس کی عدم ادائیگی پرفیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ریڈار کی زد میں آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے پاکستانی مشہور شخصیات کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں جو گزشتہ عرصے کے دوران انکم ٹیکس ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ان میں معروف گلوکارہ آئمہ بیگ 8 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد رقم کی ٹیکس نادہندہ نکلی ہیں، ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر کی جانب سے گلوکارہ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے انکشاف ہوا ہے کہ گلوکارہ نے 2018، 2019 اور 2020 کے ٹیکس ادا نہیں کیے ہیں۔
ایف بی آر کے ڈپٹی کمشنر علی رضا گیلانی نے آئمہ بیگ کو ان کی ماڈل ٹاؤن لاہور کی رہائش پر نوٹس ارسال کر دیا ہے۔جبکہ آئمہ بیگ کی جانب سے ادا نہ کیے گئے ٹیکس کی بھاری رقم کی وصولی کے لیے گلوکارہ کیخلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں جس میں گلوکارہ کی گاڑیوں کو بھی ضبط کیے جانے کا امکان ہے۔