لاہور: پاکستان میں دسمبر 2021 کے دوران سوزوکی آلٹو کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
پاکستان آٹو موٹیومینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی اے ایم اے) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2021 میں سوزوکی کمپنی کی 660 سی سی گاڑی آلٹو میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور اس گاڑی کے 9 ہزار سے زائد یونٹس فروخت ہوئے۔تاہم اس کے بر عکس نومبر 2021 میں سوزوکی آلٹو کے محض 2 ہزار 420 یونٹس فروخت ہو سکے۔
سوزوکی آلٹو کی قیمت بڑھنے کے باوجود فروخت میں 280 فیصد اضافے کے حوالے سے ایک کار ڈیلر کا کہنا ہے کہ کمپنی نے نومبر میں کافی تعداد میں گاڑیاں بنائیں تاہم صرف 2 ہزار 420 یونٹس ہی فروخت ہو سکے ، انہوں نے بتایا کہ نومبر کے وسط میں فیول لائن کے مسائل کی وجہ سے گاڑیوں کی ڈیلیوری روک لی گئی تھی جسکا دسمبر میں دوبارہ آغاز کیا گیا ، یہی وجہ ہے کہ ماہ دسمبر میں سوزوکی آلٹو کی سیل میں اضافہ دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ سوزوکی کمپنی نے 11 نومبر 2021 کو 660 سی سی آلٹو کی قیمت میں ایک لاکھ 83 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا، آلٹو وی ایکس کی قیمت میں ایک لاکھ 61 ہزار روپےاضافے کے بعد قیمت 12 لاکھ 70 ہزار روپے ہوگئی تھی جبکہ آلٹو وی ایکس آر اور آلٹو وی ایکس ایل کی قیمت بالترتیب ایک لاکھ 73 ہزار روپے اور ایک لاکھ 83 ہزار روپے سے بڑھ کر 15 لاکھ 8 ہزار روپے اور 17 لاکھ روپے تک جا پہنچی۔
یہاں یہ بات ذہن نشین رہے کہ پاکستان کی آٹو موبائل مارکیٹ میں سوزوکی آلٹو کے مختلف ویرینٹ پر ایک لاکھ سے دو لاکھ تک اون منی بھی وصول کی جارہی ہے، تاہم فروخت میں حالیہ اضافے کو دیکھتے ہوئے اون منی بھی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔