عمران خان آج اے ٹی ایمز، مافیاز اور کارٹلز کو این آر او دیں گے: مریم اورنگزیب

01:47 PM, 13 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آج بیک وقت عوام کا معاشی اور پارلیمان کا آئینی قتل ہوگا ۔ ‎پارلیمانی عمل بلڈوز کرکے دو آرڈیننس، اور 25 بل منظور کرانے پر آج کے دن کو یوم سیاہ کے طورپر یاد رکھا جائے گا۔

‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ‎ عمران صاحب آج کی قانون سازی سے اپنی لوٹ مار، اے ٹی ایمز، مافیاز اور کارٹلز کو این آر او دیں گے ۔

‎عمران صاحب ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے ججوں کی تقرری کا اختیار اپنے پاس لے کر قانون اور آئین کی تضحیک کر رہے ہیں ۔ ‎عمران صاحب آج طاقت ور چوروں کو لوٹ مار پہ این آر او اور عوام کو مزید لوٹنے کا لائسنس دیں گے ۔ ‎عمران صاحب آج جمہوریت ، آئین اور قانون کے قتل کی تاریخ رقم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ‎فسطائیت کا بلڈزور چلا کر عمران صاحب قوم پر منی بجٹ مسلط کریں گے ۔ ‎ساڑھے تین سال میں ایک قانون سازی بھی عمران صاحب اتفاق رائے سے نہ کراسکے ۔‎ آج پاکستان کا برانڈ بھیک، آئی ایم ایف کی غلامی، مہنگائی اور معاشی تباہی ہے ۔ 

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے جنگلے گرانے والے آج پارلیمان کے جمہوری عمل ، قاعدے قانون کو روند رہے ہیں ۔ ‎پاکستان میں آج تاریخ کا مہنگا ترین بجٹ مسلط کیاجائے گا ۔ ‎عمران صاحب کے وعدہ کے مطابق آج پارلیمان کے ذریعے قوم کو رلانے کا بندوبست کیا جا رہا ہے،‎آج کے بعد عوام اب صرف ایک خودکشی کی منتظر ہے۔

مزیدخبریں