حیدر آباد: نواحی علاقے میں مبینہ طور پر کچی شراب پینے سے 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ پانچ زیر علاج ہیں۔ کچی شراب پینے سے دو افراد اپنی بینائی سے بھی محروم ہو گئے ہیں۔
حیدرآباد کے نواحی علاقے میں مبینہ طور پر کچی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ سول اسپتال حیدرآباد کی انتظامیہ نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا ہے کہ پانچ متاثرہ مریض زیر علاج ہیں۔
حیدرآباد کے ڈی آئی جی پیر محمد شاہ کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ علاقہ ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق معطل ایس ایچ او کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس کا جواب آئندہ 7 روز میں دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ساجد امیر کی نگرانی میں چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔
پیر محمد شاہ نے واضح طور پر احکامات دیے ہیں کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کی نعشوں کے پوسٹ مارٹم کرائے جائیں تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔