اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ہائے وے اتھارٹی کی ای بلنگ، ای بڈنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور ای بڈنگ کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ ہو گا کیونکہ ماضی میں این ایچ اے کے ٹھیکوں میں بڑی کرپشن ہوئی ہے کیونکہ پرانے سسٹم سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور تبدیلی میں روکاوٹ بنتے ہیں کیونکہ کرپشن کی وجہ سے سڑکوں پر لگنے والا پیسہ جیبوں میں جاتا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا ای بڈنگ، ای بلنگ اور جی آئی ایس میپنگ جدید ٹیکنالوجی ہے جس سے منصوبوں میں شفافیت آئے گی کرپشن سے سب سے زیادہ نقصان ملک کا ہوتا ہے لیکن اب مستقبل ڈیجیٹل نظام کا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا تبدیلی کا مطلب’’اسٹیٹس کو‘‘تبدیل کرنا ہے اور عمران خان سوئچ دبا کر تبدیلی نہیں لے آئے گا اس کے لئے تمام اداروں کو محنت کرنا ہو گی اور تحریک انصاف کی حکومت صرف اور صرف گرین پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت چاہتی ہے۔
اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا ملک قرضوں پرگزارا کر رہا ہے اور لوگ بڑے، بڑے ملکوں میں اربوں کی جائیدادوں میں رہ رہے ہیں اور براڈ شیٹ کے مطابق سابق وزیراعظم چور تھا۔ پاکستان میں حکومت کرنیوالوں اور دیگر ممالک کے حکمرانوں کا رہن سہن دیکھ لیں۔ جب ملک کا سربراہ چوری کرے تو پورانظام کرپٹ ہو جاتا ہے اور کرپشن کو تسلیم کر کے برائی کو برائی نہیں سمجھا جاتا۔