ناراض لیگی رکن کا نواز شریف کو لوٹی رقم واپس کرنے، سیاست چھوڑنے کا مشورہ

11:19 AM, 13 Jan, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے اپنے قائد میاں نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ناصرف سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لیں بلکہ لوٹی رقم بھی واپس کر دیں۔

یہ بات انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ شرقپور میں میڈیا سے بات چیت میں جلیل شرقپوری نے کہا کہ اپنی جماعت کے دیگر لوگوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیں اور پاکستان واپس نہ آئیں بلکہ برطانیہ میں ہی مقیم رہیں۔

لیگی رہنما جلیل شرقپوری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی کرپشن اور چوری سامنے لانے کیلئے براڈ شیٹ کا کیس دوبارہ کھولے۔

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کی خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وہ انھیں امریکا بلوا لیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں لیگی رہنما جلیل شرقپوری نے اپنی جماعت سے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ قیادت کو جمع کرا دیا تھا۔ انہوں نے مشروط طور پر جمع کرائے گئے اپنے استعفے میں کہا تھا کہ اگر ان کے علاقے سے انتخابات میں کامیاب ہونے والے ممبر صوبائی اسمبلی مستعفی ہوتے ہیں تو اس صورت میں ہی ان کا استعفیٰ قبول کیا جائے۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ جلیل شرقپوری اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان معاملات اس وقت خراب ہو گئے تھے جب میاں نواز شریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں اداروں کیخلاف متنازع تقریر کی تھی۔ اس کے بعد سے جلیل شرقپوری اپنی قیادت سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے ان سے ناراض ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی جماعت نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کوئی انھیں نکال سکتا ہے۔

مزیدخبریں