لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں مزید 55 مریض عالمی وبا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں وبائی کیسز کی مجموعی شرح 5.8 فیصد ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ کراچی میں کیسز کی شرح کراچی میں 14.56 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پشاور میں 9.92 فیصد، میرپور میں 8.33 فیصد، بلوچستان میں 7.39 فیصد، سندھ میں 8.47 فیصد اور پنجاب میں 3.63 فیصد ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں سے حاصل ڈیٹا کے مطابق خیبر پختونخوا میں مثبت کیسز کی شرح 6.25 فیصد، اسلام آباد میں 2.14 فیصد، آزاد کشمیر 5.43 فیصد، لاہورمیں 5.96 فیصد، راولپنڈی میں 1.90 فیصد، فیصل آباد میں 3.62 فیصد، ملتان میں 2.73 فیصد، سوات میں 3.52 فیصد، ایبٹ آباد میں 1.82 فیصد، کوئٹہ میں 8.04 فیصد اور مظفر آباد میں 1.35 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا سے انتقال کرنے والوں میں 69 فیصد مرد ہیں، ان میں سے 57 فیصد افراد وینٹی لیٹر پر رہے۔ وبائی مرض سے انتقال کرنے والوں میں 91 فیصد افراد ہسپتالوں میں زیر علاج رہے۔
این سی او سی کے مطابق عالمی وبا سے انتقال کرنے والے 77.6 فیصد افراد کی عمر 50 سال سے زیادہ ہے۔ دنیا میں وبائی مرض سے اموات کی شرح 2.14 اور پاکستان میں 2.12 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے وبائی مرض کے تدارک کیلئے ادویات کا آرڈر دیدیا ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بات واضح کی ہے کہ شہریوں کو عالمی وبا کی تیسری لہر کیلئے تیار رہنا چاہیے۔؎
خیال رہے کہ اس وقت پوری دنیا میں عالمی وبا کی دوسری لہر کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ عالمی سطح پر اس وبا نے اپنے اثرات چھوڑے ہیں تاہم حکومت پاکستان کی پالیسیوں اور سمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں صورتحال دیگر ممالک کی نسبت بہتر ہے۔