ریاض:وزیر محنت وسماجی فروغ احمد الراجحی نے کہا ہے کہ غیرملکی کو اقامہ اور انشورنس کارڈ سے کسی صورت محروم نہیں کیا جاسکتا۔
اقامہ اور انشورنس کارڈ رکھنا غیر ملکی کارکن کا استحقاق ہے جس سے محروم کرنا اقامہ ولیبر قوانین کی خلاف ورزی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بعض کفیل کارکن کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں رکھتے ہیں اس طرح اقامہ اور انشورنس کارڈ رکھنا غیر قانونی ہے۔
اقامہ ولیبر قوانین کے مطابق اب کفیل کو کارکن کا پاسپورٹ رکھنے کا بھی حق نہیں۔ کارکن کا پاسپورٹ اپنے قبضے میں رکھنا غیر قانونی ہے جس پر سزا ہوسکتی ہے۔ دوسری طرف وزارت محنت نے اقامہ ولیبر قوانین کے علاوہ سعودائزیشن کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو اصلاح احوال کے لئے دی جانے والی مہلت ایک ماہ سے کم کرکے 10دن کردی ہے۔
اس سے قبل مختلف خلاف ورزیوں کی اصلاح کے لئے اداروں کو ایک ماہ کی مہلت دی جاتی تھی۔ اب نئے لیبر قوانین کے مطابق یہ مہلت صرف10دن ہے۔
خلاف ورزی کی اصلاح نہ کرنے پر ادارے کے خلاف کارروائی ہوگی۔ نئے قوانین کے مطابق کارکن کو اینڈ آف سروس (نہایة الخدمہ) کی رقم سے محروم کرنے کے ضوابط کا اعلان کردیا گیا ہے۔