جوہانسبرگ:پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے کپتان سرفراز احمد کے فاسٹ باﺅلرز بارے بیان پر کوئی تبصرہ کرنے سے معذرت کرلی اور پریس کانفرنس بھی جلد ی ختم کرکے چلتے بنے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جاری ہے ۔
اسی سلسلے میں قومی ٹیم کے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے اور اس میں سب کو ایک دوسرے کی مدد کرنا ہوتی ہے۔ہمارا کام اپنے بیٹسمینوں کو سپورٹ کرنا ہے اور یہ کام ہم پوری دلجمعی سے کر رہے ہیں۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ بیٹسمین محنت کررہے ہیں ہمیں امید ہے اس کا صلہ انہیں ملے گا۔اس موقع پر فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے فاسٹ باﺅلر زکو ٹیسٹ سیریز میں شکست کا ذمہ دار ٹھہرانے سے متعلق بیان پرسوال کا جواب اور کوئی ردعمل دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم یہ سوال نہ کریں، یہ سوال جانے دیں۔
اس کے بعد وہ خود بھی اٹھ کر چلے گئے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقی باﺅلرز کی سپیڈ سے موازنہ کرتے ہوئے سرفراز احمدنے اپنے باﺅلرز پر جو تنقید کی عامر براہ راست اس کی زد میں آئے کیونکہ کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ کے دوران پاکستانی فاسٹ باﺅلرز میں ان کی رفتار سب سے کم رہی تھی۔