کراچی:سابق امریکی سفیرکیمرون منٹرنے پاکستان پر الزام عائد کیاہے کہ امریکہ کولگتا ہے دہشت گردی کی روک تھام کیلئے پاکستان تعاون نہیں کرنا چاہتا،پاکستان کو ایماندارانہ طور پر امریکہ کے فنڈزخرچ کرنے چاہییں ،تاہم سارا پیسہ درست اندازمیں استعمال نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نجی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی سفیر نے کہا کہ مشرف دور میں بھی پاکستان کودہشت گردی کے خاتمے کیلئے پیسے دیئے گئے ،امریکہ نے کافی پیسہ بلوچستان میں تعلیم کے لیے دیا جبکہ سندھ کو بھی تعلیم کی مد میں کافی فنڈز دیئے گئے ۔
کیمرون منٹر کا مزید کہنا تھا کہ جب میں پاکستان میں سفیرتھا تودہشت گردی سب سے بڑا مسئلہ تھا، 2000 ءمیں دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے کام کیا۔
سابق امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستانی شہر کراچی اور انڈین شہر ممبئی ہمارے لیے معاشی حب ہیں، بھارت اور پاکستان کے ساتھ ہمیں معاملات اچھے رکھنے پڑتے ہیں جبکہ سیاسی معاملات بہتر نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے معاملات بہتر نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ چاہتا ہے پاکستان کے لوگ ہرشعبے میں ترقی کریں، تعلیم کے فروغ کیلئے اور 2012میں صحت کی بہتری کیلئے کام کیا جبکہ امریکہ کا صرف اور صرف ایک مفاد ہے کہ ہر ملک ترقی کرے۔
کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکہ بات چیت کے ذریعے باہمی معاملات حل کرنے کا خواہش مند ہے،امریکہ بھارت،روس اور چائنہ کے ساتھ بھی بات چیت میں مصروف ہے اور پاکستان کے تعلقات اتنے مضبوط ہوں کہ رکاوٹیں بے معنی ہوں جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ براہ راست اسلام آباد اور واشنگٹن کا رابطہ ہو۔