قصور:پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ قصور واقعہ سیریل کلنگ کی بدترین مثال ہے اور پنجاب پولیس شریف خاندان کی ذاتی ملازم بن چکی ہے جبکہ قانون پر عملدرآمد سے ہی انصاف کی فراہمی ممکن ہے ۔
قصور میں زیادتی کے قتل ہونے والی سات سالہ زینب کے والد سے تعزیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے راہنما سینیٹراعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کسی دور میں جو پنجاب پولیس ملک کی بہترین پولیس سمجھی جاتی تھی وہ شریف خاندان کی ذاتی ملازم بن چکی ہے جبکہ شریف خاندان کے چند افراد کی حفاظت پر تین ہزار اہلکار مامورہیں اور شریف خاندان کے افراد کے لئے سڑکیں بند کر دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قصور واقعہ سیریل کلنگ کی مثال ہے کیونکہ اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کے کافی واقعات ہو چکے ہیں سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ قصور میں سات سالہ زینب کے زیادتی کے بعد قتل پر قصور کے عوام نے تاریخی احتجاج کر کے مرض کی تشخیص میں اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ مقدمہ عدالت میں جانے سے پہلے سارا کام پولیس کا ہوتا ہے کہ وہ صحیح طریقے سے تفتیش کر کے شواہد اکٹھے کرے جبکہ قانون پر عملدرآمد سے ہی انصاف کی فراہمی ممکن ہے لیکن افسر شاہی اور پولیس عوام کی خدمت نہیں کر رہی ہے ۔