چیف جسٹس پاکستان نے وی وی آئی پی موومنٹ ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا،آئی جی سندھ کو حلف نامہ جمع کرانے کا حکم

چیف جسٹس پاکستان نے وی وی آئی پی موومنٹ ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا،آئی جی سندھ کو حلف نامہ جمع کرانے کا حکم

کراچی :چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے وی وی آئی پی موومنٹ ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے کراچی رجسٹری میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران ٹریف رولز کے مطابق عمل درآمد کرنے اور حلف نامہ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شہریوں کو تکلیف سے بچانے کیلئے انتظامات کئے جائیں ۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے عدالت کو بتایا کہ کہیں سڑکیں بند نہیں، صرف 2 منٹ کے لیے ٹریفک بند کرتے ہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میں بھی تو وی آئی پی ہوں،میرے لیے تو سٹرک بلاک نہیں ہوتی،شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہر صورت کریں گے،موومنٹ کسی کی بھی ہو مگر شہریوں کو تکلیف سے بچائیں۔

دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ آپ حلف نامہ جمع کرائیں کہ مستقل سڑکیں بلاک نہیں ہوتیں ہم آپ کے حلف نامے کا جائزہ لیں گے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ کوشش ہو گی شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے ٹریفک قوانین پر عمل اور مستقل رکاوٹیں ہٹانے کا حکم بھی دیا ہے۔چیف جسٹس نے آئی جی سندھ کو ہدایت کے بعد ازخود نوٹس کیس کو نمٹا دیا ۔