لاہور : لاہور شہر میں اپنی نوعیت کا یہ انوکھا واقعہ رونما ہوا ہے ، جہاں ڈاکوﺅں نے شہری کی لوٹی ہوئی رقم ، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاءاسے واپس کردیں اور اچھے بچوں کی طرح جائے واردات سے چلے گئے۔
لاہور شہر کے علاقے شاہدرہ کے ایک دکاندار عرفان مختار نے بتا یا کہ کچھ عرصہ قبل انہی کی دکان کے پاس ایک دکاندار کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر گولیاں مار کر قتل کردیا گیا مگر اس واقعے کے ٹھیک ایک ہفتے بعد دو ڈاکوﺅں نے اپنی موٹر سائیکل میری دکان کے سامنے کھڑی کی۔ ایک ڈاکو موٹر سائیکل سے اترا اور میری کنپٹی پر پستول رکھ کر رقم کا تقاضہ کر نے لگا۔ میں نے تمام پیسے اس کے ہاتھ میں رکھ دئیے ،ڈاکو نے مزید رقم کا تقاضہ کیا تو میں نے اس بات سے انکار کردیا ۔
میرے انکار کے بعد ڈاکو خود اندر آگیا اور سیف میں رکھا میرا موبائل اور بٹوہ اٹھا لیا۔ ڈاکو کی نظر میرے بٹوے میں موجود پولیس کارڈ پرپڑی اور اس نے مجھ سے پوچھا کہ تم پولیس میں ملازم ہو؟ میں نے جواب دیا کہ میں پولیس ملازم ہوں، عرفان مختار کا مزید کہنا تھا کہ میں نے آج سے آٹھ سال قبل پولیس کی نوکری چھوڑ دی تھی، مگر میں نے ڈاکوﺅں سے جھوٹ بولا مگر میری یہ بات سننے کے بعد ڈاکو ﺅں نے میرا سامان اور نقدی مجھے واپس کردی اور جائے واردات سے فوری طور پر رفو چکر ہوگئے۔