پانی کا غیر ضروری استعمال کرنے والے ہوجائیں ہوشیار، بھاری جرمانے ہیں تیار

پانی کا غیر ضروری استعمال کرنے والے ہوجائیں ہوشیار، بھاری جرمانے ہیں تیار

لاہور: لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر محکمہ ماحولیات پنجاب نے پانی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت گھروں میں گاڑی دھونے اور پائپ کے استعمال پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ محکمہ نے غیر قانونی سروس اسٹیشنز کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

محکمہ ماحولیات کے ترجمان نے بتایا کہ ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، سیکریٹری ماحولیات راجہ جہانگیر اور ڈی جی ماحولیات عمران حامد شامل ہیں۔ یہ کمیٹی لاہور ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔

پنجاب بھر کے سروس اسٹیشنز کو 28 فروری تک پانی ری سائیکلنگ سسٹم لگانے کی ہدایت کی گئی ہے، اور جو اسٹیشنز یہ سسٹم نصب نہیں کریں گے، انہیں ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، تیل سے گاڑی دھلوانے اور تعمیراتی مقامات پر زمینی پانی کے استعمال پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ اقدامات پنجاب میں پانی کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں، جہاں گزشتہ پانچ سالوں میں 42 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں۔

مصنف کے بارے میں