راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور دیگر اہم حکومتی شخصیات کل ’’گرین پاکستان انیشیٹو‘‘ (جی پی آئی) کے مختلف پراجیکٹس کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت ہو رہا ہے، جس میں زرعی ترقیاتی منصوبوں اور جدید سہولتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ 14 فروری کو ہونے والے اس دورے میں ’’سمارٹ ایگری فارم‘‘، ’’گرین ایگری مال‘‘ اور ’’تحقیقی مراکز‘‘ کا افتتاح کیا جائے گا۔
دورے کے دوران، حکومتی شخصیات کو جی پی آئی کی زرعی ترقی میں کامیاب منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، ماڈل فارمز کے دورے بھی کیے جائیں گے جہاں کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
آرمی چیف اور حکومتی شخصیات کے اس دورے سے جی پی آئی کے زرعی منصوبوں کو مزید فروغ ملے گا، جس سے ملک کی زرعی معیشت کو تقویت حاصل ہوگی۔