اسلام آباد :پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں ممالک میں مشترکہ تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ صدر اردوان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کی اور مشکل وقت میں پاکستانی عوام کا اعتماد جیتا۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اور مسئلہ کشمیر اور غزہ پر دونوں کا موقف ایک ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے اور یہاں آ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری نے عالمی سطح پر انقلاب پیدا کیا۔
طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی مزید تقویت کے لیے 24 نئے معاہدے کیے گئے ہیں، جن میں اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ترک صدر نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہے۔