لاہور: سانحہ مال روڈ کو آج آٹھ برس بیت گئے، جس کی یاد میں پنجاب پولیس نے شہداء کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔ 13 فروری 2017ء کا دن پولیس کے لئے ایک سنگین یاد بن کر رہ گیا، جب دشمن عناصر نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو نشانہ بنایا اور دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی کے دوران 7 پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت 14 افراد اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے۔
سانحہ کے دوران ڈی آئی جی سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد گوندل، اے ایس آئی محمد امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبلز محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر سمیت دیگر افسران اور اہلکار شہید ہوئے، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے اعلیٰ افسران نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنے کا عہد کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ اور سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے شہداء کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ آج کے دن، پنجاب پولیس کے افسران نے اپنی عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں شہداء کے نقشِ قدم پر چلیں گے اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔