واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے رہنماؤں سے رابطے کی تصدیق کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک جنگ بندی اور امن چاہتے ہیں، اور یوکرینی صدر زیلنسکی کے ساتھ ان کی بات چیت بھی مثبت رہی۔ ٹرمپ نے زیلنسکی سے یوکرین کی جنگ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، اور زیلنسکی نے بھی روسی صدر کی طرح امن کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس سے پہلے، ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے ٹیلیفون پر گفتگو کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی جنگ بندی کے لیے فوری مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ ٹرمپ نے بتایا کہ پیوٹن کے ساتھ ایک گھنٹے سے زیادہ بات ہوئی، اور سعودی عرب میں ان کی ملاقات متوقع ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، پیوٹن نے کہا کہ وہ یوکرین جنگ خاتم کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ یوکرین جنگ میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوا ہے، اور وہ اس جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر امریکی مصنوعات پر ٹیرف عائد کیے گئے تو وہ جوابی ٹیرف لگائیں گے، اور حکومتی اخراجات میں ہونے والی کرپشن کے بارے میں بھی انہوں نے تشویش کا اظہار کیا، اور کہا کہ وہ حکومت کو چھوٹا اور زیادہ مؤثر بنانا چاہتے ہیں۔