اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی سہولت کے لیے نادرا میگا سنٹر ناظم آباد میں نیا پاسپورٹ آفس کھول دیا۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے مزید آسانی فراہم کرنا ہے۔ وزیر داخلہ نے نئے پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا اور اس دوران کاؤنٹرز کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے عملے سے ملاقات کی اور پاسپورٹ آفس کی ورکنگ کے بارے میں بریفنگ لی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا سنٹر میں شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں سے ملاقات کی۔ اس دوران شہریوں نے سہولتوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا، کیونکہ انہیں پاسپورٹ بنانے میں بڑی آسانی محسوس ہوئی۔
وزیر داخلہ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت خواتین کے بائیو میٹرک مسائل پر بھی توجہ دی اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو فوری حل کے لیے ہدایات دیں۔ بزرگ خواتین نے ان کے فوری اقدامات پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے بتایا کہ نادرا میگا سنٹر میں قائم یہ پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے تین شفٹوں میں کام کرے گا، تاکہ شہری کسی بھی وقت پاسپورٹ بنوا سکیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں کے مسائل حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔