راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور خود کو ملکی ترقی کے لیے تیار کریں، کیونکہ نوجوان ہی پاکستان کے مستقبل کے رہنما ہیں۔
مختلف یونیورسٹیز اور کالجز کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی عوام، خاص طور پر نوجوانوں کا پاک فوج کے ساتھ گہرا تعلق ہے، اور ملک دشمن عناصر کی فوج اور عوام میں خلیج ڈالنے کی کوششیں ہمیشہ ناکام رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مذہب، تہذیب اور روایات پر فخر ہے، اور پاکستانی آئین کا آغاز بھی "حاکمیت صرف اللہ کی ہے" کے اصول سے ہوتا ہے۔
جنرل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور عوام کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کی فرسودہ سوچ کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے، جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
انہوں نے پاکستانیت کو اپنانے پر زور دیتے ہوئے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاک فوج کے کردار کو اجاگر کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔