لاہور ہائیکورٹ، میاں نواز شریف،شہباز شریف،حمزہ شہباز سمیت دیگر کی کامیابی کیخلاف درخواستیں خارج

12:30 PM, 13 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے میاں نواز شریف،شہباز شریف،حمزہ شہباز،سمیت دیگر کی کامیابی کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں،درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ 

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشن روکنے اور دوبارہ گنتی کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وہ این اے 130 سے امیدوار ہیں،ووٹوں کی گنتی کے وقت سی سی پی او لاہور کی موجودگی میں ہمیں آر آفس نکال دیا گیا۔ ان کا عدالت سے کہنا تھا کہ عدالت ریٹرننگ افسر کو امیدواروں کی موجودگی میں دوبارہ فارم 47 مرتب کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے تمام درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دائر درخواستیں خارج کر دیں۔

 درخواستوں میں آر اوز کی جانب سے فارم 47 درخواست گزاروں کی عدم موجودگی میں مرتب کرنے اور فارم 45 میں ووٹوں کے اعدادوشمار نظر انداز کرنے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ استدعا کی گئی تھی کہ عدالت آر اوز کو درخواست گزاروں کی موجودگی میں دوبارہ فارم 47 مرتب کرنے کے احکامات جاری کرے۔

پی پی 164 میں شہباز شریف کی کامیابی کے خلاف آزاد امیدوار یوسف مئیو نے درخواست دائر کی،پی پی 147 سے حمزہ شہباز کی کامیابی کے خلاف آزاد امیدوار محمد خان مدنی نے انتخابی نتائج کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

ان کے علاوہ این اے 77 گجرات سے ناکام ہونے والی امیدوار راشدہ طارق، پی پی 191 آزاد امیدوار سلیم صادق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی اور احکامات جاری کیے۔

مزیدخبریں