عدالت نے ایف آئی اے کو علیمہ خان کو ہراساں اور ان کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا

11:53 AM, 13 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی کے بہن علیمہ خان کو جاری ایف آئی اے سائبر کرائم اور انسداد دہشت گردی ونگ کے نوٹسز کے خلاف کیس میں  اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو علیمہ خان کو ہراساں کرنے سے روک دیا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی ۔  وکیل درخواست گزار شیراز رانجھا ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔

وکیل علیمہ خان نے کہا ایف آئی اے کے پاس کوئی ایسا میٹیریل موجود نہیں جس سے سائبر کرائم ہوا ہو  ۔ وکیل صفائی نے استدعا کی کہ علیمہ خان کے خلاف جاری انکوائری یا شکایت کو خارج کیاجائے ۔

چیف جسٹس نے کہا  پہلے رپورٹ منگوا لیتے ہیں دیکھتے ہیں انکوائری ہے بھی کہ صرف شکایت ہے،  ایف آئی اے آج ہی علیمہ خان کے خلاف انکوائری یا شکایت کی تفصیلات فراہم کرے  ۔ آپ کو رپورٹ کاپی مل جائے تو آپ اپنا جواب ایف آئی اے کو جمع کروادیں۔

چیف جسٹس نے ایف آئی اے کو حکم دیتے ہوئے  علیمہ خان کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا ۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

مزیدخبریں