ریاض: سعودی عرب میں رہائش پذیر افراد اور مقامی لوگوں کے لیے حج رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حج کے خواہشمند سعودی عرب میں مقیم لوگ وزارت حج کی ویب سائٹ یا اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس پر ’نسک‘ ایپلی کیشن کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ابھی تک حج نہ کرنے والے افراد کی بکنگ کو ترجیح دی جائے گی جبکہ رجسٹریشن کرانے والے افراد کو رجسٹریشن کے وقت مکمل یا کچھ رقم ادا کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔
عرب میڈیا کہا کہنا ہے کہ حج کیلئے عمر کی شرط کم از کم 15 سال (ہجری تاریخ) مقرر کی گئی ہے، اس شرط کے ساتھ کہ درخواست گزار آزادانہ طور پر یا کسی محافظ کی مدد سے حج کرنے کے قابل ہو۔ ایک قابل ذکر شرط یہ ہے کہ ان شرائط میں حج کرنے کا موقع ان لوگوں کے لیے مختص ہے جنہوں نے پہلے حج نہیں کیا، جیسا کہ حج اور عمرہ کے نظام میں درج ہے۔
حج کیلئے درخواست کرانے والوں پر لازم ہے کہ تمام درخواست دہندگان کو گردن توڑ بخار اور موسمی فلو کے خلاف ویکسین لگائی گئی ہو، جس کا ہیلتھ سرٹیفکیٹ کے طور پر جمع کرایا جائے گا۔مزید برآں، افراد کو اپنی صحت کی حیثیت کو ثابت کرنے کے لیے طبی سرٹیفکیٹ کے ساتھ، کسی بھی شدید دائمی یا متعدی بیماریوں سے پاک ہونا چاہیے۔
عرب میڈیا کے مطابق 2020ء سے لگی کورونا پابندیوں کے ہٹنے کے بعد گزشتہ برس 2023ء میں 25 لاکھ سے زیادہ مسلمانوں نے حج ادا کیا تھا۔