اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے پہنچ گئے اور زلزلے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا ۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزرا بلاول بھٹو ، اعظم نذیر تارڑ اور ایاز صادق بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے ۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہولناک زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستانی قوم افسردہ ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں ترک بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ترک بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، پاکستان سے امدادی سامان ترکیہ بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے جس میں خیمے ، کمبل ، گرم کپڑے اور دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کے ذریعے بھی امداد کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے ، وزارت خارجہ اور ترکیہ میں سفیر روز صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں ، زلزلہ متاثرین کی بحالی تک ترک بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترک حکومت نے 2005 کے زلزلے ، 2010 اور حالیہ سیلاب میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ترک بھائیوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔
ترک سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہے ، پاک فوج ، این جی اوز اور مخیر حضرات امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔