اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کے متنازعہ ٹویٹ کیس میں ضمانت منسوخی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی نے راولپنڈی میں ایک تقریب کے دوران سکیورٹی اداروں سے متعلق متنازعہ گفتگو کی تھی جس کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم نے عدالت سے رجوع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس عامر فاروق کل (بروز منگل) ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کریں گے جبکہ اعظم سواتی کی راولپنڈی کی تقریر کا ٹرانسکرپٹ بھی درخواست کے ساتھ منسلک ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد نے اعظم سواتی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمانت پر ان کی رہائی کا حکم دیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ اعظم سواتی کے جرم دہرانے پر ضمانت منسوخی دائر ہو سکتی ہے۔