انقرہ ، دمشق : ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 34 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے ۔ ہزاروں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ گزشتہ ہفتے ملک کے جنوب میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 29 ہزار 605 ہوگئی ہے۔ ترکی کے سرکاری "ٹی آر ٹی" چینل نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ایک لاکھ 47 ہزار 934 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری طرف سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 5,273 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ تعداد 7,000 تک پہنچنے کی توقع ہے۔
گزشتہ روز شام کے شمال مغربی علاقوں میں ملبے تلے دبے بچ جانے والوں کی تلاش اور امدادی کارروائیاں رک گئیں اور وہ کئی دن تک مسلسل تباہ کن زلزلے سے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے بعد لاشوں کو نکالنے کے مرحلے تک پہنچ گئے ہیں۔