شہباز گل سیٹلائٹ فون سے جنرل فیض سے ڈائریکٹ رابطے میں تھے ، 114 آرمی افسر اور ان کی فیملی کے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بنا کر عمران خان کے حق میں ٹویٹ کیے: سینئر صحافی 

09:23 AM, 13 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: عمران خان کے سابق چیف آف سٹاف اور معاون خصوصی شہباز گل کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے پاس سیٹلائٹ فون تھا اور وہ اس سے جنرل فیض اور ایک حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل سے بات چیت کرتے تھے۔ شہباز گل کے پاس سے 114 آرمی افسر اور ان کی فیملی کا نادرا کا ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔ 

سینئر صحافی اعزاز سید کی رپورٹ کے مطابق شہباز گل نے 114 آرمی افسران اور ان کی فیملی کے نام پر ٹویٹر اکاؤنٹ بنائے اور پھر ان اکاؤنٹس سے پی ٹی آئی اور عمران خان کے حق میں ٹویٹ کروائے گئے۔ اس کا مقصد تھا کہ یہ ثابت کیا جائے فوجی افسر اور ان کی فیملیاں عمران خان کے ساتھ ہیں۔ 

اعزاز سید کے مطابق شہباز گل جب گرفتار ہوئے تو انہوں نے سب کچھ تسلیم کرلیا ہے ۔ اس کے علاوہ ایک ریکارڈنگ ایجنسیز کے پاس ہے جس میں شہباز گل ایوان وزیر اعظم کے لان میں عمران خان کو مشورہ دے رہے ہیں کہ جنرل باجوہ کو برطرف کردیں۔ 

سینئر صحافی کا مزید کہنا ہے کہ پولیس کسٹڈی کے دوران شہباز گل نے عمران خان کے بارے میں سب کچھ بتا دیا وہ یہ بھی بتانے کو تیار تھے کہ عمران خان کے کن خواتین کے ساتھ تعلقات ہیں لیکن تفتیش کاروں نے ان سے یہ معلومات نہیں لیں۔

سینئر صحافی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان فوج کو یہ باور کرانے کیلئے کے 114 آرمی افسر والے معاملے سے میرا تعلق نہیں اس وجہ سے شہباز گل سے فاصلہ رکھے ہوئے ہیں۔ 

مزیدخبریں