تاریخ کی نااہل ترین اپوزیشن کا سارا وقت روٹھنے اور منانے میں گزر گیا: حسان خاور

تاریخ کی نااہل ترین اپوزیشن کا سارا وقت روٹھنے اور منانے میں گزر گیا: حسان خاور
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے معاون خصوصی حسان خاور نے موجودہ اپوزیشن کو تاریخ کی نااہل ترین اپوزیشن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی موجودگی میں انہیں جیل کی ہوا لازمی کھانا پڑے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق حسان خاور نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی چوہدری برادران سے ہونے والی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا سارا وقت روٹھنے اور منانے میں گزر گیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اپوزیشن سازشی اور لوٹ مار کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور انہیں معلوم ہے کہ کہیں سے بھی ڈیل اور ڈھیل نہیں ملنے والی، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دور اقتدار میں انہیں جیل کی ہوا لازمی کھانی پڑے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور چوہدری برادران ناصرف منجھے ہوئے سیاستدان ہیں بلکہ حکومت کے اہم اتحادی ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ماضی میں بھی سیاسی جماعتوں کیساتھ کئے گئے وعدے وفا نہیں کئے اور ان کی منافقت کا تذکرہ چوہدری شجاعت بھی اپنی کتاب میں کر چکے ہیں۔ 2023ءکے انتخابات تک اپوزیشن کو اسی تنخواہ پر گزارہ کرنا پڑے گا۔ 

مصنف کے بارے میں